واشنگٹن25ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکا کے شہر واشنگٹن کے علاقے برلنگٹن کے کیس کیڈ شاپنگ مال میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے 4افراد ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاکتوں کی درست تعداد شاپنگ مال میں داخل ہونے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔جس میں اضافے کا امکنا ظاہر کیا جا رہا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آور کی تلاش شروع کردی گئی ہے جب کہ ایمرجنسی مینٹینس سروس (ای ایم ایس) کے اہلکاروں نے شاپنگ مال کے اندر ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے، اس کے علاوہ حملے میں محفوظ رہنے والوں کو بس کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا جائے گا۔بتایا جاتا ہے کہ واقعے کے بعد قریبی اسکول کا اسٹیڈیم خالی کرا لیا گیا ہے جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزم فرار ہوگیا ہے۔